پشاور : وزیر اعظم عمران خان نے باجوڑ کے قبائلی نوجوانوں سے کیا ہوا وعدہ پورا کردیا،باجوڑ میں تھری جی سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔وزیراعلیٰ پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ قبائلی نوجوانوں کی خواہش پر باجوڑ میں تھری جی سروس کل سے شروع کردی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قبائلی عوام سے محبت کا اظہار ہے کہ وہ قبائلی عوام کے مطالبات اور ان کی بنیادی سہولیات کا خیال رکھتے ہیں۔
محمود خان کا مزید کہنا ہے کہ باجوڑ جلسے کے دوران قبائلی نوجوانوں نے وزیراعظم سے تھری جی سروس کی درخواست کی تھی، قبائلی نوجوانوں کو تھری جی سروس مبارک ہو۔
وزیراعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ اس کے علاوہ قبائلی عوام کے دیگر مطالبات بھی تیزی سے پورے کریں گے۔اس کے علاوہ بجلی کی رسد یقینی بنانے کیلئے گرڈ اسٹیشن تعمیربھی جلد مکمل ہوگی، ایکسپریس وے تک رسائی کیلئے سرنگ کی تعمیر کا آغاز کیا جارہا ہے۔