فائل فوٹو
فائل فوٹو

تیل اور گیس کے بڑے ذخائر پر وزیراعظم کا جلد خوشخبری دینے کا اعلان، پی پی، ن لیگ پر کڑی تنقید

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں زیر سمندر ایشیا کے سب سے بڑے تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت سے متعلق قوم کو جلد خوشخبری دوں گا۔

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں زیر سمندر ایشیا کے سب سے بڑے تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہونے کا اشارہ ملا ہے، قوم دعا کرے کہ یہ دریافت قوم کی تقدیر بدل دے۔

نجی ٹی وی کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو علاج سے متعلق حکومت مکمل سہولیات دے رہی ہے، وہ ملک کے اندر جہاں چاہیں علاج کراسکتے ہیں، نوازشریف کو کس قانون کے تحت باہر علاج کے لیے بھجوائیں، نواز شریف کو علاج کے لیے باہر بھیجنے سے متعلق کیا قانون بدل دیں، کیا ڈیڑھ لاکھ قیدیوں کو بھی باہر علاج کی سہولت فراہم کریں، ایسا کوئی قانون نہیں ہے

یہ بلیک میلنگ ہے، این آر او لینے کے لیے مجھ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے، کوئی بلیک میلنگ نہیں چلے گی اور نہ ہی کوئی این آر او ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے کے بچے کہتے ہیں پاکستان کو جواب دہ نہیں، نوازشریف  30 سال حکومت کرنے کے باوجود ایک ایسا اسپتال نہ بناسکےجہاں ان کا علاج ہو، انہوں نے ایک فیکٹری سے 30 فیکٹریاں بنالیں مگر اسپتال نہ بناسکے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہناتھا کہ مجھے عثمان بزدار اور محمود خان پر مکمل اعتماد ہے ، دونوں وزراءاعلیٰ کو تھوڑا وقت دیں نتیجہ سامنے آجائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی الیکشن تک سے خطرہ موجود ہے، وہاں الیکشن سے پہلے حالات ٹھیک ہونے کی امید نہیں، ہم مکمل طور پر چوکنے ہیں، بھارت کی طرف سے کوئی بھی ایکشن کیا جاسکتا ہے، مودی نے پاکستان کے خلاف بیانیہ اپنایا ہوا ہے، وہ بھارت میں پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مہم چلارہے ہیں لہٰذا کوئی بھی اقدام ہوا تو اس کا بھرپور جواب دیں گے۔

ایک سوال کےجواب میں عمران خان نے کہا کہ بلاول بھٹو نیب سے خوفزدہ ہیں اس لیے رو رہے ہیں، پیپلزپارٹی نے ماضی میں جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کی، ایان علی اور بلاول بھٹو کے ائیرٹکٹس ایک ہی جعلی اکاؤنٹس سے بنائے گئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم کا پارلیمنٹ میں ایک منٹ کا 80 ہزار روپے لگتا ہے، پارلیمنٹ میں اپوزیشن صرف اپنا رونا دھونا کرکے چلی جاتی ہے، اپوزیشن جماعتوں کے اکٹھے ہونے کا مقصد ذاتی کرپشن کو چھپانا ہے، اپوزیشن کی جانب سے عوام کے لیے کچھ نہیں سوچا جارہا، اپوزیشن اسمبلی میں سوائے کرپشن چھپانے کےکوئی بات نہیں کرتی،  اپوزیشن رونا دھونا چاہتی ہے تو احتجاج کے لیے کنٹینر دینے کو تیار ہوں۔

گیس کی قیمتوں سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ایل این جی کے اتنے مہنگے معاہدے کیے کہ ہم گیس جتنے میں خرید رہے ہیں اس سے آدھے میں بیچ رہے ہیں، گیس کی مہنگائی اس کے شارٹ فال اور ایل این جی کی وجہ سے ہے، ہم 1400 مکعب فٹ پر گیس خریدتے ہیں اور 650 روپے میں بیچتے ہیں، اس وجہ سے شارٹ فال اربوں میں جارہا ہے، اسے پورا کرنے کے لیے گیس مہنگی کررہے ہیں جب کہ بجلی بھی مہنگے داموں خرید کر سستی بیچ رہےہیں، انرجی بحران کی وجہ ٹرانسمیشن لائن کی خرابی ہے، پچھلے ادوار میں ٹرانسمیشن لائنز پر کوئی کام نہیں ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ کراچی میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر ملنے کی امید ہے، قوم دعا کرے، تیل و گیس کے ذخائر سے متعلق قوم کو جلد خوشخبری دوں گا، ان شاء اللہ تیل و گیس کے ذخائر اتنے ہوں گے کہ کسی سےتیل لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ان کا ٹیکس ان کی فلاح پر ہی لگے گا، ماضی کی حکومتوں نے سوائے اپنی جیبیں بھرنے کے کچھ نہیں کیا، مجھے اپنی کابینہ پر مکمل طور پر اعتماد ہے، قوم سے امید رکھتا ہوں کہ وہ میرا ساتھ دیں گے، ملک میں بڑی تبدیلی کے لیے اونچ نیچ آ ئے گی۔