بلاول بھٹو کی سربراہی میں پی پی کا کاروانِ بھٹو ٹرین مارچ شروع ہوگیا ہے، بلاول بھٹوزرداری نے مارچ کا آغاز کینٹ اسٹیشن کراچی پر کارکنوں سے خطاب کرکے کیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری سندھ بھر میں 25 مقامات پر خطاب کریں گے،اسٹیشنوں پر لگے استقبالیہ کیمپوں میں جیالے پُرجوش ہیں۔
ایڈیشنل جنرل مینجر پسنجرٹرین شفیع غوری کے مطابق آج کراچی کے کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہونے والی مذکورہ ٹرین 22 اسٹیشنوں پر رکے گی، جبکہ ہر اسٹیشن پر 20 منٹ کا اسٹاپ ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ کاروانِ بھٹو ٹرین آج شام ساڑھے 5 بجے نواب شاہ پہنچے گی، جہاں قیام کے بعد کل 27 مارچ کی صبح ساڑھے 10 بجے ٹرین دوبارہ چلے گی۔
ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی کینٹ سے لاڑکانہ تک تمام ٹریک پر پولیس تعینات رہے گی، جبکہ کاروانِ بھٹو ٹرین کے انجن میں پولیس کے کمانڈوز فرائض انجام دیں گے۔
پولیس کی بھاری نفری کینٹ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات ہے، پلیٹ فارم 7 اور 8 پر بم ڈسپوزل اسکوارڈ نے تلاشی مکمل کر لی، پلیٹ فارم کے داخلی راستے پر واک تھرو گیٹ نصب کیا گیا ہے۔