آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں 80 رنز سے ہرا کر سیریز بھی اپنے نام کرلی ۔
ابوظہبی میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 267 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم پوری ٹیم 186 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئی۔
تیسرے ون ڈے میں شکست کے بعد آسٹریلیا نے سیریز بھی اپنے نام کرلی ہے۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق اور شام مسعود نے اننگ کا محتاط انداز میں آغاز کیا لیکن پانچویں ہی اوور میں شان مسعود صرف 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
شان مسعود کے بعد آنے والے بلے باز حارث سہیل بھی صرف ایک رن بناکر چلتے بنے۔ دونوں کھلاڑیوں کو پیٹ کمنز نے پویلین کی راہ دکھائی۔
کمنز کا تیسرا شکار محمد رضوان بنے جو اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔
امام الحق اور شعیب ملک کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 59 رنز بنے اور 75 رنز پر امام الحق آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 72 گیندوں پر 46 رنز کی سست اننگ کھیلی اور میکسویل کا شکار بنے۔
امام الحق کے بعد عمر اکمل میدان میں اترے۔ 96 رنز پر شعیب ملک بھی آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 32 رنز کی اننگ کھیلی۔ 149 رنز کے اسکور پر عمر اکمل بھی آؤٹ ہوگئے۔
عماد وسیم اور یاسر شاہ نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں کینگروز کے سامنے کچھ مزاحمت دکھائی تاہم 178 رنز پر عماد وسیم بھی آؤٹ ہوگئے۔
جس کے بعد عثمان شنواری بھی پویلین لوٹ گئے۔ 186 رنز پر پاکستان کی نویں وکٹ جنید خان کی صورت میں گری۔
اس سے پہلے آسٹریلوی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے اننگز کا آغاز کیا۔
پاکستان کو پہلے اوور کی آخری گیند پر عثمان خواجہ کی صورت میں پہلی وکٹ ملی، کینگروز کو دوسرا نقصان 20 کے مجموعی اسکور پر شان مارش کی صورت میں اُٹھانا پڑا، جس کے بعد ایرون فنچ اور ہینڈ کومب نے 84 رنز کی شراکت قائم کی۔
104 رنز پر ہینڈ کومب کو حارث سہیل نے چلتا کیا اور پھر فنچ کا ساتھ دینے مارکس اسٹونیس کریز پر آئے۔
فنچ اوراسٹونیس نے آسٹریلیا کے مجموعی اسکور کو 140 رنز تک پہنچایا تو عماد وسیم نے اسٹونیس کو آؤٹ کردیا۔ 188 رنز پر ایرون فنچ کو یاسر شاہ نے پویلین کی راہ دکھائی۔
فنچ نے 90 رنز کی ایک اور دلکش اننگ کھیلی، فنچ کے میدان بدر ہونے کے باوجود گلین میکسویل اسکور کو آگے بڑھاتے رہے۔ انہوں نے 55 گیندوں پر 71 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 266 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری، یاسر شاہ، عماد وسیم، حارث سہیل اور جنید خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔