وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کاکہنا ہے کہ ماضی میں سی پیک سےمتعلق بلوچستان کے لوگوں کو خدشات تھے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے کوئٹہ میں بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس اور کوئٹہ تا ژوب شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کے لوگوں سے جو وعدے کیے گئے وہ پورے نہیں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں کہ آج سی پیک کے مغربی روٹ پر حقیقی معنوں میں کام شروع ہوا، یقین ہے کہ سی پیک خطے میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔
جام کمال نے مزید کہا کہ بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس کا افتتاح طبی مسائل کے حل کے لیے اہم ہے، وزیر اعظم بلوچستان کی محرومیاں دور کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے بجائے ذاتی مفاد کو ترجیح دی گئی، بلوچستان کی حکومت نے سمت کاتعین کیا ہے۔