وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ ریاست جمہوریت کے نام پر کسی اور ایجنڈے پر کام کرنے والوں سے بلیک میل نہیں ہوگی۔
کراچی میں رینجرز ہیڈ کوارٹر میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے سندھ رینجرز کی خدمات کو قابلِ ستائش قرار دیا اور پاس آوٹ ہونے والوں، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ سندھ رینجرز نے ہر میدان میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہےآج سندھ میں امن کی بحالی رینجرز کی قربانیوں کے ثمرات ہیں۔
شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ تمام لوگ جو پاکستان میں عوام کے ترجمان بنے ہیں اور جمہوریت کے نام پر کسی کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں ان کےلیے پیغام ہے کہ ریاست اب بلیک میل نہیں ہوگی اور نہ ہی ملک کے آئین پر سودے بازی ہوگی ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا پیغام ہے ملک کےاندر بیٹھ کر دشمن قوتوں کاساتھ دینے والے اور دشمن کی زبان بولنے والے اپنا قبلہ درست کرلیں، اب کوئی باہر سے فیصلہ ڈکٹیٹ نہیں کراسکے گا کیونکہ آنے والا وقت پاکستان کا اور پاکستانیوں کا ہے۔