چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ غربت کے خاتمے کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا گیا تھا۔
نوڈیرو میں تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کم آمدنی والے افراد کے لیے گھر بنانے کے منصوبے پر بھی کام چل رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی عزت کرتا ہوں،میں نوجوان ہوں نئی سوچ ہے،مولانا صاحب ہماری ٹریننگ میں آجائیں توملک کیلیے بہتر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب صوبوں کے وسائل چھیننا چاہتے ہیں یہ عوام دشمن حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی،معیشت کی حالت دیکھیں ، حکومت نے پھر پٹرول بم گرادیاہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہ محمد قریشی اور جہانگیر ترین ڈپٹی وزیر اعظم بنے ہوئے ہیں، یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دیئے ہوئے آئین کوچھینا چاہتے ہیں ، ان کو ملک اور غریب کا احساس نہیں ہے ، اگر ہے تو پھر یہ کیا کررہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ آج کل بے نظیر بھٹو کا نام مٹانے کی کوشش ہورہی ہے، پہلے ایئرپورٹ سے بھی ہٹانے کی کوشش کی گئی تاہم آپ یہ نام کیسے مٹائیں گے، پاکستان کی ہر خاتون بے نظیر ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غربت مٹاؤ پروگرام میرا پسندیدہ پروگرام ہے، پیپلزپارٹی کی ہمیشہ غربت کے خاتمے پر کام کرنے کی کوشش رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک میں انقلاب لے آیا، اس پروگرام سے خواتین خود مختار ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ وہ واحد صوبہ ہے جو غربت مٹاؤ پروگرام چلارہا یے، یہاں سوشل موبلائیزیشن ہورہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے خواتین کو ہر لحاظ سے خود مختار کرے،خواتین کوحقوق دیں گے۔
ن کا کہنا تھا کہ خواتین کوسیاست میں حصہ لیناچائے ، خواتین کے لیے پروگرام صرف پیپلز پارٹی ہی شروع کرسکتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان خود نوجوانوں کو سیاست میں آنے کا مشورہ دیتے ہیں، میر ے سیاست میں آنے سے ان کوخطرہ نہیں ہونا چاہیے ۔
واضع رہے کہ ایک روز قبل مولانا فضل الرحمن نے کہا تھاکہ آصف زرداری سے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی میری شاگردی میں دیدیں جس کا جواب بلاول بھٹو نے دیدیا ہے۔