وزیرستان میں زیتون کے درخت لگا کرہم انقلاب لے کر آئیں گے۔فائل فوٹو
وزیرستان میں زیتون کے درخت لگا کرہم انقلاب لے کر آئیں گے۔فائل فوٹو

عمران خان کی بلاول اور آصف زرداری کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کی پیشکش

وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کو اسلام آباد آ کر دھرنا دینے کی پیشکش کرتے ہوئےکہا کہ حکومت کہیں نہیں جارہی لیکن آصف زرداری جیل جانے والے ہیں۔

جمرود اسٹیڈیم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس میں آصف علی زرداری کے کم از کم 100 ارب روپے پڑے ہیں، وہ جتنا مرضی زور لگائیں لیکن حکومت کہیں نہیں جارہی، یہ ہم پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ کسی طرح این آر او دے دیں۔

انہوں نے آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کنٹینر دینے کے لیے تیار ہیں، اسلام آباد آئیں اور ایک ہفتہ گزار کر دکھا دیں، انہیں کھانا بھی دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری دھرنا تب کامیاب ہوتا ہے جب آپ عوام کے لیے کھڑے ہوتے ہیں، جب عوام کی بات کرتے ہیں تو ساڑھے چار مہینے ڈی چوک پر دھرنا دے سکتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ جو شخص پرچی دکھا کر کہے کہ پارٹی وراثت میں مل گئی تو وہ کبھی لیڈر نہیں بن سکتا، لیڈر جدوجہد کر کے بنتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت ملک سخت معاشی مشکلات سے دوچار ہے لیکن عوام کو یقین دلاتا ہوں چند ماہ میں مشکل مرحلے سے نکل آئیں گے، سابق حکومتوں کے قرضوں پر ساڑھے 6 ارب یومیہ سود ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں 7 مہینے ہوئے اور کہتے ہیں کہ قرضہ کب اتاریں گے، اسحاق ڈار باہر بیٹھ کر ملکی معیشت بہتر کرنے کی باتیں کرتا ہے، نواز شریف کے بچوں سے حساب مانگا جاتا ہے تو کہتے ہیں وہ پاکستانی نہیں ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اگر سمجھتے ہیں کہ میں بلیک میل ہو جاؤں گا تو ایسا نہیں ہو گا، میں تو اقتدار میں آیا ہی چوروں اور کرپٹ لوگوں کا احتساب کرنے کے لیے ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے تو نواز شریف اور زرداری پر کیسز نہیں بنائے، زرداری اور نوازشریف کو جواب دینا ہو گا، اگر جیلوں سے بچنا ہے تو لوٹا ہوا پیسہ واپس کریں۔

وزیراعظم عمران خان کا مولانا فضل الرحمن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ ہر دوسرے دن مولانا فضل الرحمان ملین مارچ کی بات کرتے ہیں لیکن ہم نے انہیں الیکشن میں کلین بولڈ کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی مثال ایسی ہے کہ نہ خود کھیلوں گا اور نہ کھیلنے دوں گا، مولانا فضل الرحمان ایسے کھلاڑی کی طرح ہیں جو پورا دن فیلڈنگ کرتے رہتے ہیں اور جب باری آتی ہے تو پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کچھ بھی کر لیں لیکن ان کی باری نہیں آئے گی۔