ملتان زیادتی کیس میں نیا موڑ، مدعی روپوش،مبینہ ماسٹر مائنڈ کی شناخت کا دعویٰ

واقعے کے حوالے سے جس سالگرہ کی تقریب سے واپسی کا ذکر کیا گیا تھا، ابتدائی تحقیقات میں ایسی کسی تقریب کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

October 24, 2026 · جرم وسزا
ملتان زیادتی کیس میں نیا موڑ، مدعی روپوش،مبینہ ماسٹر مائنڈ کی شناخت کا دعویٰ

ملتان زیادتی کیس میں نیا موڑ، مدعی روپوش،مبینہ ماسٹر مائنڈ کی شناخت کا دعویٰ

ملتان: شوہر اور بچوں کے سامنے خاتون سے مبینہ زیادتی کے مقدمے کی تحقیقات میں نیا موڑ سامنے آیا ہے۔ تفتیشی افسر کے مطابق واقعے کے بارے میں دی گئی بعض تفصیلات ابتدائی تحقیقات میں درست ثابت نہیں ہوئیں، جبکہ مقدمے کا مدعی فون بند کرکے رابطے سے باہر ہوگیا ہے۔

روزنامہ امت کی رپورٹ کے مطابق مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ رات تقریباً 11 بجے ملتان موٹروے پل کے قریب موضع چھتہ واں میں خاتون کو اس کے شوہر سعد سہیل اور بچوں کے سامنے مبینہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ دو افراد نے اس دوران شوہر اور بچوں پر اسلحہ تان رکھا تھا۔

مقدمے کے تفتیشی افسر اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد سلیم نے بتایا کہ خاتون کے طبی معائنے کے بعد کیمیائی تجزیے کے لیے نمونے جمع کروا دیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق واقعے کے حوالے سے جس سالگرہ کی تقریب سے واپسی کا ذکر کیا گیا تھا، ابتدائی تحقیقات میں ایسی کسی تقریب کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

تفتیشی افسر کے مطابق واقعے کی کہانی تیار کرنے میں مبینہ طور پر ملوث عابد نامی شخص کی شناخت کرلی گئی ہے اور اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مقدمے کا مدعی اپنے بتائے گئے پتے پر موجود نہیں اور اس کا فون بھی بند ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ خاتون نے محنت کش سعد سہیل سے پسند کی شادی کی تھی اور اس سے قبل سعد کے سسرالی رشتے داروں کے خلاف درخواست دینے کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا، جسے تفتیش کے دوران زیرِ غور رکھا جارہا ہے۔

تفتیشی افسر کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں مقدمہ مبینہ طور پر رقم بٹورنے کے لیے گھڑی گئی کہانی معلوم ہوتا ہے، تاہم معاملے کی حتمی حقیقت تفتیش اور شواہد کی روشنی میں سامنے آئے گی۔