ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے امریکی جریدے کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت آگیا بھارت اپنے جھوٹے دعوے اور نقصان پر اب سچ بولے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل نے معروف امریکی جریدے ‘فارن پالیسی’ کی رپورٹ ٹوئٹر پر شیئر کی اور کہا کہ سب تعریفیں اللہ کے لیے ہیں، سچ ہمیشہ قائم رہتا ہے۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت کے لیے وقت ہے کہ وہ اپنے جھوٹے دعوے پر سچ بولے اور دوسرے طیارے کے بارے میں بھی بتائے جو پاکستان نے مار گرایا تھا۔
Allah be praised, truth always prevails. Time for India to speak truth about false claims & actual losses on their side including the second aircraft shot down by Pakistan. India needs introspection especially over atrocities in IOK. Region needs peace, progress & prosperity. https://t.co/5eCsQDSDYD
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) April 5, 2019
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت کو اپنے گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے، خصوصاً کشمیر پر ڈھائے جانے والے مظالم پر، خطے کو امن، ترقی اور خوشحالی کی ضرورت ہے۔
امریکی جریدے نے اپنی رپورٹ میں بھارت کے دعوے کی قلعی کھولتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی ایف سولہ طیاروں کی گنتی کی گئی وہ تعداد میں پورے ہیں، بھارت کے پاکستانی ایف سولہ طیارہ مار گرانے کے دعوے میں کوئی صداقت نہیں۔
بھارت نے پاکستان کا کوئی طیارہ نہیں گرایا: امریکی رپورٹ
امریکی جریدے کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان میں موجود امریکی حکام نے بھارتی دعوے پر شک کا اظہار کرتے ہوئے نتیجہ اخذ کیا ہے کہ بھارتی حکام عالمی برادری کو 27 مئی کو پیش آئے واقعے کے حوالے سے گمراہ کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت نے 27 فروری کو لائن آف کنٹرول پر پاکستانی ایف سولہ طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا، ڈاگ فائیٹ میں پاکستانی شاہینوں نے دو بھارتی مگ 21 طیارے مار گرائے تھے اور جذبہ خیر سگالی کے تحت گرفتار پائلٹ کو بھارت کے حوالے کیا تھا۔