مشیر وزیراعظم نعیم الحق کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور چوروں نے ملک کو جس بے دردی سے لوٹا اس کی مثال نہیں ملتی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیربرائے سیاسی امورنعیم الحق کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب کا لاہورمیں پاکستان کا دوسرا بڑا گھر ہے، معلوم ہونا چاہیے یہ اثاثے کہاں سے بنائے اور بلاول ابھی نا سمجھ ہے، انگریزی اسٹائل سے لگتا ہے ان کا پاکستانی عوام سے تعلق نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تمام لوگوں کی شکایات سننا آسان کام نہیں، بلدیاتی نمائندے اپنے لوگوں کے مسائل حل کریں گے اور پنجاب میں اسی سال بلدیاتی انتخابات ہو جائیں گے۔
نعیم الحق نے کہا کہ نیب کی ٹیم قانون کے مطابق حمزہ شہباز کے گھر گئی تھی لیکن حمزہ شہباز نے دو دن تک مزاحمت کی، لاہور میں دو دن سے جو تماشا ہو رہا تھا وہ حمزہ شہباز کے گھر کے اندر تھا، وزیراعظم کی طرف سے نیب کو کسی بھی قسم کے احکامات نہیں دیے جا رہےں۔
نعیم الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کھیلوں کے بارے میں بہت غور کر رہے ہیں، نہ صرف کرکٹ بلکہ مختلف کھیلوں میں ٹیلنٹ سامنے لانا ہے،
انہوں نے کہا کہ اولمپکس میں جانے والے کھلاڑیوں کے پاس مناسب سہولیات نہیں ہوتیں، وزیراعظم کی خواہش ہے کہ پاکستان میں ہرشہر میں گراؤنڈز کو آباد کیا جائے۔