ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی اور افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔فائل فوٹو
ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی اور افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔فائل فوٹو

امریکاکا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف

کمانڈر سینٹکام جنرل میکنزی نے پاکستان کی سیاسی اورعسکری قیادت سے ملاقاتوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتےے ہوئے خطے کی سلامتی واستحکام کے لیے امریکی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

کمانڈر سینٹکام جنرل میکنزی کے دورہ پاکستان پر امریکی سفارتخانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنرل میکنزی نے کمانڈر سینٹکام بننے کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ کیا جس میں انہوں نے اعلیٰ پاکستانی سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

امریکی سفارتخانہ کے اعلامیہ کے مطابق جنرل میکنزی وزیراعظم عمران خان، وزیر دفاع پرویز خٹک اور سیکرٹری خارجہ سے ملے جبکہ انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں۔

پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں جنرل میکنزی نے خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے امریکی عزم دہرایا۔ کمانڈر سینٹ کام نے افغان امن مذاکرات میں پاکستانی کردار پر بات کی۔ جنرل میکنزی کو کالعدم تنظیموں کیخلاف حالیہ حکومتی کارروائیوں سے آگاہ کیا گیا۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل کینتھ میکنزی نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیردفاع پرویز خٹک اورسیکریٹری خارجہ تحمینہ جنجوعہ بھی موجود تھیں۔

ملاقات میں خطے کی جیو سٹریٹجک صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے افغانستان کی صورتحال اور پاکستان کی جانب سے کی جانے والی مخلصانہ کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے۔

موجودہ پاک بھارت کشیدگی پربات چیت کے دوران وزیراعظم نے امن کیلئے اٹھائے گئے حالیہ پاکستانی اقدامات پر روشنی ڈالی اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیوں اورکامیابیوں سےآگاہ کیا۔

بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور سیکریٹری خارجہ تحمینہ جنجوعہ بھی شریک ہوئیں۔ اس سے قبل امریکی کمانڈر نے پاکستان بحریہ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے بین الاقوامی پانیوں میں قزاقی کے تدارک کیلئے پاکستانی اقدامات اور باہمی تعاون کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل کنتھ میکنزی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی تھی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی اور افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل کنتھ میکنزی کے درمیان جیو سٹریٹجک صورتحال اور علاقائی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔