امریکہ کی جانب سے اسلامی ملک ایران کی فوج پاسدارانِ انقلاب کو دہشتگرد تنظیم قرار دے دیا گیا۔
وائٹ ہاﺅس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی پاسداران انقلاب کو غیر ملکی دہشتگرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے یہ فیصلہ امریکی آئین کے آرٹیکل 219 کے تحت کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران سرکاری سطح پر دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے جبکہ اس کی فوج ذاتی اور مالی حیثیت میں دوسرے ممالک میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر آپ ایرانی پاسداران انقلاب سے کسی قسم کا تعلق رکھتے ہیں یا ان کے ساتھ کوئی کاروبار کر رہے ہیں تو اس کا سیدھا مطلب ہے کہ آپ بھی دہشتگردی کے سپورٹر ہیں۔
بیان کے مطابق اس اقدام کے ذریعے تہران کو یہ واضح پیغام دیا گیا ہے کہ اگر وہ دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے تو اس کے نتائج بھی ہوسکتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایرانی حکومت پر معاشی دباﺅ بھی بڑھایا جائے گا اور اس طرح کے اقدامات اس وقت تک کیے جاتے رہیں گے جب تک کہ وہ اپنا رویہ درست نہیں کرلیتا۔