نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ علمائے کرام سے رہنمائی حاصل کریں۔فائل فوٹو
نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ علمائے کرام سے رہنمائی حاصل کریں۔فائل فوٹو

نوجوان دین کے نام پر بہکانے والوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔امام کعبہ

امام کعبہ عبد اللہ بن عواد الجہنی نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ دین کے نام پر بہکانے والوں کے جھانسے میں نہ آئیں ، معاملے میں علمائے کرام سے رہنمائی لیں ، اسلام اخوت اور بھائی چارے کا نام ہے، مسلمانوں کو اتحاد کی سخت ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے امام کعبہ  الشیخ ڈاکٹر عبداللہ بن عواد الجہنی نے کہاکہ قرآن پاک میں مختلف اقوام اور انبیاء کا ذکر کیا گیا ہے ،  قرآن پاک میں جن اقوام کا ذکر کیا گیا ہے یہ ہماری رہنمائی کیلیے ہیں، قرآن وسنت میں نوجوانوں کو فوکس کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ کس طرح نوجوان اپنے دین کی حفاظت کیلیے کمر بستہ ہوسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ نوجوان ایک ایسی قوت ہیں جو معاشرے کی کایہ پلٹ سکتے ہیں ،نوجوانوں کو اپنی قدروقیمت کا اندازہ ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ علمائے کرام سے رہنمائی حاصل کریں، انبیائے کرام  کی زندگی سے نوجونواں کو رہنمائی حاصل کرنی چاہیے،نوجوان معاشرے کو بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ قران و سنت کی روشنی میں جواں عمری میں کی جانے والی عبادت کا اللہ کے حضور خاص مقام ہے ، نوجوان دین کے نام پر بہکانے والوں کے جھانسے میں نہ آئیں اور دین کے معاملے میں علمائے کرام سے رہنمائی لیں۔اس موقع پر امام حرم کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ بن عواد الجہنی کو خصوصی طور پر شیلڈ بھی پیش کی گئی ۔

 امام حرم کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ بن عواد الجہنی کو خصوصی طور پر شیلڈ پیش کی گئی
امام حرم کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ بن عواد الجہنی کو خصوصی طور پر شیلڈ پیش کی گئی

قبل ازیں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امام کعبہ ڈاکٹر عبداللہ عواد نے اسلام آباد کی فیصل مسجد میں جمعے کا خطبہ دیا۔امام کعبہ نے فقید المثال استقبال پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

خطبے میں امام کعبہ نے کہا کہ اسلام اخوت اور بھائی چارے کا نام ہے، ہمارا مذہب امن و امان سے رہنے کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب توحید کی بنیاد پر قائم ہوئے، مسلمان تقویٰ اختیار کریں، رمضان کا مہینہ مسلمانوں کیلیے اللہ کا تحفہ اور  تمام مہینوں کا سردار ہے، رمضان کی آمد کا بھی سے اہتمام شروع کردیں، رمضان میں صدقات اور خیرات کا اہتمام کریں۔

انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کو اتحاد کی سخت ضرورت ہے،  پاکستان تمام مسلمانوں کا محور ہے۔امام کعبہ نے پاکستان کی ترقی خوشحالی اور مضبوطی کی دعائیں بھی کرائیں۔