قریبی ساتھیوں نے اسد عمر کو اسمبلی رکنیت نہ چھوڑنے کا مشورہ دیا۔فائل فوٹو
قریبی ساتھیوں نے اسد عمر کو اسمبلی رکنیت نہ چھوڑنے کا مشورہ دیا۔فائل فوٹو

آئی ایم ایف سے6 سے 8 ارب ڈالر کا معاہدہ ہوگا۔وزیر خزانہ

وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے6 سے 8 ارب ڈالر کا معاہدہ ہوگا،آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعدساڑھے 7ارب عالمی مالیاتی بینک سے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایشین ڈیویلپمنٹ بینک سے آنیوالی امداد اس کے علاوہ ہو گی،آئی ایف سی سے بھی فنڈدستیاب ہوں گے،جس سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائرمیں اضافہ ہوگا،پاکستان جلد ہی بانڈجاری کرے گا۔

وزیر خزانہ اسد عمر نے قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ امریکا کے دوران ایف اے ٹی ایف کے صدر سے ملاقات ہوئی،میں نے بھارت کے رویے کے بارے میں اپنے خدشات کااظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے بھارت کی جانب داری کے بارے میں دوبارہ اعتراض اٹھائے،ایف اے ٹی ایف کے صدرنے یقین دہانی کرائی کہ فیصلے تکنیکی بنیادوں پرہوں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ ادوارمیں آئی ایم ایف سے معاہدہ کی تفصیلات پبلک نہیں کی گئیں،آئی ایم ایف سے معاہدہ کوخودشیئرکروں گا، انہوں نے کہا کہ معاہدے سے پہلے تفصیلات شیئرنہیں کی جاسکتیں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے تمام ارکان کمیٹی تجاویزدیں،معاہدے پردستخط ہوتے ہوئے پتہ چلے گاکہ قرض کاحجم کیا ہے،اسدعمر نے کہاکہ ایف اے ٹی ایف کو آج ایکشن پلان بھیجاجائےگا،ایف اے ٹی ایف کی ٹیم مئی کے وسط میں آئے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ پاکستان نے تاریخ میں اتنا زیادہ خساروں کاسامنانہیں کیا،نوبت یہاں تک آ گئی تھی 15روز کے ادائیگیوں کیلئے پیسے نہیں تھے،اب پاکستان بحران کی کیفیت سے نکل چکا ہے،انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف سے چینی قرضوں پرکوئی بات نہیں ہوئی۔