گلستان جوہر کے عالقے صفورا چوک کے قریب گزشتہ روز پولیس اور ڈاکوؤں کی فائرنگ کے تبادلے میں 2 سالہ بچے کی موت پر آئی جی سندھ کلیم امام نے متاثرہ خاندان سے معافی مانگ لی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی سندھ کلیم امام کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے منگل کو پیش آنے والے واقعے پر معافی مانگتا ہوں، ہم کل اور کچھ روز پہلے ہونے والے واقعہ کے متاثرین کے ساتھ ہیں اورذاتی طور پر معافی مانگتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ پیش آئیں اور کوشش کریں گے کہ پولیس اہلکاروں کی تربیت میں اضافہ ہو، بڑا اسلحہ ختم کردیا ہے، چھوٹے ہتھیار سے ٹریننگ کرائیں گے۔
لیم امام کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کے قیام میں پولیس کی قربانیاں شامل ہیں، سندھ میں چند سال کےدوران ڈھائی ہزار سے زیادہ پولیس کے جوان شہید اور ہزاروں اہلکار زخمی ہوئے، صوبے میں موبائل چھینے کی وارداتوں اور 53 فیصد قتل کی واردتوں میں کمی آئی ہے، داعش کے نائب سرابرہ کا گینگ ختم کیا۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ صوبےمیں پولیس کی کارکردگی پہلے سے بہترہے، سندھ پولیس قانون کی پاسداری کرتی ہے، ہم جو کام کرتے ہیں سندھ حکومت کی پالیسی پرعمل کرتے ہیں، ہم عوام کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت اور میڈیا کو بھی جواب دہ ہیں۔