جی ڈی اے کی جانب سےآئی جی سندھ کی تبدیلی پراعتراض کیا گیا تھا۔فائل فوٹو
جی ڈی اے کی جانب سےآئی جی سندھ کی تبدیلی پراعتراض کیا گیا تھا۔فائل فوٹو

وفاقی کابینہ کے مزید 9 وزراکو تبدیل کرنے کا فیصلہ

وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے مزید 9 وزراکو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزراکو کارکردگی کی بنیاد پر تبدیل کیا جارہا ہے۔

وزیرخزانہ کا قلم دان ٹیکنو کریٹ کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا حتمی اعلان کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ وزراکے قلم دان تبدیل ہوں گے۔

کچھ وزراکو فارغ کیے جانے کا امکان ہے۔پیٹرولیم،توانائی، پلاننگ، خزانہ ، داخلہ کے وزراتبدیل ہوں گے۔

دوسری جانب اسد عمر کے بعد وزارت خزانہ کے امور چلانے کے لیے امیدواروں کے نام سامنے آگئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کو مشیر خزانہ مقرر کیے جانے کا امکان تھا تاہم انہوں نے یہ عہدہ لینے سے انکار کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کے امور کو چلانے کے لیے سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا، سلمان شاہ اور اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر عشرت حسین مضبوط امیدوار ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ ڈاکٹر عشرت حسین تاجر برادری کے لیے بھی قابل قبول ہیں، وہ اس وقت وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات اور کفایت شعاری ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ مشیر خزانہ کی متوقع فہرست میں سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کا نام بھی شامل ہے، وہ پیپلزپارٹی کے دورِ حکومت میں وزیر خزانہ رہ چکے ہیں۔

اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک کی سابق گورنر شمشاد اختر کو بھی وزارت خزانہ کی ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔