وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے فواد چوہدری سمیت دیگر وزرا سے ان کے قلمدان واپس لے لیے۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے بھی استعفٰی لے لیا گیا ، جبکہ وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیا نی سے بھی وزیر اعظم نے استعفی لے لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فواد چوہدری سے وزیر اطلاعات، علی امین گنڈا پور سے وزیر برائے کشمیر امور، غلام سرور خان سے وزارت پیٹرولیم، عامر محمود کیانی سے وزارت قومی صحت کی وزارت واپس لے لی۔
ذرائع کے مطابق فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی اطلاعات لگادیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان سے استعفیٰ ناقص کارکردگی کی بنیاد پر لیا گیا ہے اور ان کی جگہ جلد نئے نام کا اعلان کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر بھی عہدہ چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔ اسد عمر نے یہ کہہ کر عہدہ چھوڑا کہ وزیراعظم عمران خان نے ان سے خزانہ کے بجائے توانائی کا قلمدان لینے کی خواہش کا اظہار کیا لیکن انہوں نے کابینہ کا حصہ بننے سے ہی معذرت کرلی۔