وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ ماضی میں نہ تو بلوچستان کے مسائل کی طرف توجہ دی گئی اور نہ ہی حل کرنے کی کوشش کی گئی۔
کوئٹہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے حوالے سے وزیراعظم کی سنجیدگی پر مشکور ہیں، موقع ملا تو مل کر ماضی کے پیدا کردہ مسائل حل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں نہ تو بلوچستان کے مسائل کی طرف توجہ دی گئی اور نہ ہی حل کرنے کی کوشش کی گئی، حکمران اور سیاست دان وہ ہوتے ہیں جو ملکی مسائل کو حل کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ ملک میں جو خامیاں رہی ہیں ہم سب اس کا حصہ ہیں تاہم ماضی کے حل طلب صوبے کے مسائل حل کریں گے، اس ملک اور صوبے کو اللہ تعالیٰ نے بڑے وسائل دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور صوبے کو آگے لے جانے میں مشکلات آئیں گی تاہم نیت صحیح ہو تو مشکلات حل ہوجائیں گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بہت سے لوگ ایسے ہیں جن کے پاس چھت کے ساتھ روزگار نہیں، اصل حکمران ملک کے مستقبل کیلئے پلاننگ کرتا ہے، صوبے کی بہتری کے لیے افواج بھی ہمارے ساتھ شریک ہیں، آج کا نوجوان ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے اور معلومات رکھتاہے، موجودہ نسل میں ملک کو ترقی دینے کی مکمل صلاحیت ہے۔