وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو صاحبہ کہنے پر اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں احتجاج کیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت شروع ہوا تو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی خواتین نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو صاحبہ کہنے پر بھرپور احتجاج کیا، دونوں جماعتوں کی خواتین ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیرائو کرکے وزیراعظم کے خلاف نعرے بازی کی اور ایوان ’گو عمران گو‘ کے نعروں سے گونج اٹھا۔
پیپلزپارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے وزیراعظم سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کل قبائلی علاقوں میں وزیراعظم نے پگڑی پہن کر جو حرکت کی ہم اس کی مذمت کرتے ہیں
انہوں نے کہا کہ کل وانا میں عمران خان نے ایک نوجوان سیاست دان کو بلاول بھٹو صاحبہ کہا، صاحبہ کا لفظ استعمال کرنے پرخواتین کی تذلیل ہوئی، عمران خان ایوان میں آکر معذرت کریں، یہ سلپ آف ٹنگ نہیں تھی، یہ کتنی مرتبہ ہوگی، اگر عمران خان نے اپنے الفاظ واپس نہ لیے تو میں انہیں وزیراعظم نہیں کہوں گی۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے احتجاج کے دوران انتخابات ترمیمی بل 2019 منظور کرلیا گیا، بل وزیر مملکت علی محمد خان کی جانب سے پیش کیا گیا جسے ایوان نے منظور کرلیا۔