اسلام آباد : سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ جن لوگوں نے نیا شوشہ چھوڑا، جو مجھے وزیراعلیٰ بنانا چاہتے ہیں وہی اس کا جواب دیں، میں بکنے والی سیاست کا پجاری نہیں ہوں، انہوں نے کہاکہ سیاست عہدے کیلئے نہیں، عوام کی خدمت کیلئے کرتا ہوں۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے یو سی لوہدرہ میں تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان دوسری پارٹیوں پر تنقید کرتے تھے لیکن خود انہوں نے چند ماہ میں ریکارڈ قرضے لیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت بلدیاتی الیکشن کرا ہی نہیں سکتی، انتظامی یونٹ کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، ضلع کونسل کو سرے سے ہی غائب کردیا گیا، تحریک انصاف اگر مقبول جماعت ہے تو بلدیاتی الیکشن کراکر دیکھ لے۔
انہوں نے مزید کہاکہ آج دشمن آپ کی صفوں میں گھس آیا ہے، اگرعمران کے ساتھ ہوتا تو مشورہ دیتا کہ ایک جگہ پر اکٹھے ہوجائیں، اکتوبر، نومبر، دسمبر میں جو مہنگائی ہوگی وہ عوام کی چیخیں نکال دے گی۔
چوہدری نثار نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی چل کرمیرے پاس آئے لیکن میں نے حلف نہیں لیا اور نہ لوں گا، میرے ساتھ قومی اسمبلی میں ہاتھ ہوا ہے۔