شہباز شریف نے وزیر اعظم پاکستان عمران کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔فائل فوٹو
شہباز شریف نے وزیر اعظم پاکستان عمران کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔فائل فوٹو

عمران خان کیخلاف ہرجانہ کیس۔دائرہ اختیار سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور کی مقامی عدالت نے وزیراعظم عمران خان کے وکیل بابراعوان کی کیس کے دائرہ اختیار سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

ایڈیشنل سیشن جج محمد امجد خان نے آج کیس پر سماعت کی۔ اپنی درخواست میں بابراعوان نے موقف اختیار کیا کہ معاملہ اسلام آباد کا ہے لاہور کی عدالت کو اس کیس کی سماعت کا اختیارنہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دھرنا اسلام آباد میں تھا جس کی بنا پررقم کے لین دین کا الزام لگایا گیا لہٰذا کیس اسلام آباد میں منتقل کیا جائے۔

قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیر اعظم پاکستان عمران کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔ عمران خان نے شہباز شریف پر 10 ارب روپے لینے کا الزام عائد کیا تھا۔

وکیل شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف دس ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے شہباز شریف کے خلاف دھرنا ختم کرنے کے لیے پیسے دینے کا الزام لگایا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بے بنیاد الزام عائد کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ شہباز شریف نے ایک شخص کے ذریعے دھرنا ختم کرنے کے متعلق مجھے کروڑوں روپے کی پیشکش کی تھی۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے خلاف 8 جولائی 2017 کو ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا تھا۔