افریقی ملک برکینا فاسو میں گرجا گھر پر حملے میں پادری سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چرچ پر فائرنگ کا واقعہ برکینا فاسو کے صوبے صوم کے دارالخلافہ ڈجیبو کے چھوٹے سے علاقے سلگجی میں پیش آیا۔
حملے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
مقامی حکام کے مطابق موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے لوگوں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ دعائیہ تقریب میں شرکت کے بعد چرچ سے باہر نکل رہے تھے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق گرجا گھر پر حملے میں شدت پسند تنظیم انصارالاسلام ملوث ہے تاہم تنظیم کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔