مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ رمضان المبارک میں کام کے اوقا ت کم کر کے صبح دس بجے سے لے کر شام 4 بجے تک کر دیے گئے ہیں تاکہ کام کرنے کی صلاحیت میں بھی کمی واقع نہ ہو اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ موخر کر دیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 14 روپے اضافے کی تجویز دی تھی،وزیراعظم عمران خان نے عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ ای سی سی کو بھیجوا دیاہے اور اسے دوبارہ دیکھنے کی ہدایت کی ہے تاہم قیمتوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ موخر کر دیاہے ۔
فردوس عاشق اعوان کا کہناتھا کہ رمضان المبار ک کے بابرکت مہینے میں عوام کی تکلیف کم کرنے کیلیے خصوصی کمیٹی کو ٹاسک دیا گیاہے اور رمضان سے قبل رمضان پیکج عوام کو ریلیف کی شکل میں دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں جب حکومت میں آئے تھے تو 53 ڈالر فی بیرل قیمت تھی جو کہ آج بڑھ گئی ہے ۔ٹرمپ نے ایران پر پابندیاں لگائی ہیں اس کی وجہ سے بین الاقوامی ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کا خلا بڑھا اور اس سے مسائل پیدا ہوئے ، عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے سے ہمارے جیسے ملکوں پر اثرات پڑے۔