رینٹل پاور کرپشن کیس میں سابق سیکریٹری پانی و بجلی شاہد رفیع وعدہ معاف گواہ بن گئے جبکہ کارکے اسکینڈل میں گرفتارملزم لئیق احمد نے 10 لاکھ درہم رشوت لینے کا اعتراف کر لیا۔
رینٹل پاور کرپیشن کیس میں بڑی اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ گرفتار سابق سیکریٹری پانی وبجلی شاہد رفیع وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔ سابق سیکریٹری نے سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور آزاد کشمیر کے سابق صدر راجہ ذوالقرنین کے بیٹے بابر ذوالقرنین کے خلاف بیان قلمبند کرانے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہد رفیع نے کہا ہے کہ وہ اعترافی بیان قلمبند کرانے اور سب حقائق بتانے کو تیار ہیں۔ احتساب عدالت نے شاہد رفیع کی وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست منظور کر لی۔ نیب تفتیشی افسر کے مطابق وعدہ معاف گواہ بننے کے لیے چیئرمین نیب نے درخواست بھی منظور کی ہے۔
دوسری طرف کارکے رینٹل پاور کرپشن کیس کی تحقیقات میں گرفتار ملزم لئیق احمد نے 10 لاکھ درہم رشوت لینے کا اعتراف کر لیا ہے۔ نیب کا کہنا ہے کہ ملزم لیئق احمد نے بیٹی کے ذریعے مرکزی کردار بابر ذالقرنین سے رقم وصول کی۔
کارکے رینٹل کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم لئیق احمد کا 8 مئی تک حسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اور آٹھ مئی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔