وفاقی کابینہ نے آئندہ بجٹ میں وزارتوں کا چائے پانی کا بجٹ ختم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے شبرزیدی کی بطور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) تقرری کی منظوری دی۔
کابینہ اجلاس کے بعد وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلوں کی توثیق کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے بجٹ میں انٹرٹینمنٹ اینڈ گفٹ بجٹ ختم کردیا ہے جس کے بعد وزراء چائے پانی کا خرچہ بھی اپنی جیب سے کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ مدارس کو وزارت تعلیم کے کنٹرول میں دینے کا تاثر غلط ہے، 30 ہزار مدارس کو وزارت تعلیم کے ماتحت نہیں کیا گيا بلکہ ان سے منسلک کیا گیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں پاک چائنہ انجینئرنگ یونیورسٹی کے قیام اور آذربائیجان کے ساتھ زرعی شعبے میں معاہدے کی منظوری بھی دی ہے۔
انہوں نے کہا کہادوایات کی قیمتوں میں کمی کرکے 7 ارب روپے بچائے گئے ہیں، ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی رقم ادویات کمپنیوں سے ریکور کی گئی ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ٹیلی ناراور جیز کے لائسنسز کی 492 ملین ڈالر کے عوض تجدید کی منظوری بھی دی ہے۔