پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ گوادر آپریشن کے دوران 5 شہری بھی شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران 5 شہری بھی شہید ہوئے تھے، شہید ہونے والوں میں ہوٹل کے 4 ملازمین اور نیوی کا اہلکار شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 6 افراد زخمی بھی ہوئے، زخمیوں میں فوج کے دو کیپٹن، نیوی کے دو اہلکار اور ہوٹل کے دو ملازمین شامل ہیں۔شہدا میں سیکیورٹی گارڈ ظہور اور ہوٹل ملازمین بلاول، فرہاد اور اویس شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیاہے کہ حملہ کرنے والے تینوں دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے ہیں جبکہ تینوں کی لاشیں شناخت کیلیے رکھ دی گئی ہیں اور کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیاہے ۔
آئی ایس پی آر کا کہناتھا کہ دہشتگرد مہمانوں کو یرغمال بنانے کیلیے ہوٹل میں داخل ہوئے تھے لیکن سیکیورٹی گارڈز نے مرکزی ہال میں داخل ہونے سے روکا ۔
آپریشن کے دوران پاک بحریہ کے دو ، پاک فوج کے دو اور ہوٹل کے دو ملازمین زخمی بھی ہوئے جن کاعلاج جاری ہے ۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہناتھا کہ کال ملتے ہی پاک فوج ، بحریہ اور پولیس ہوٹل پہنچ گئی تھی جہاں سے تمام مہمانوں اور ہوٹل کے اسٹاف کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔