محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کیبنٹ ونگ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔فائل فوٹو
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کیبنٹ ونگ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔فائل فوٹو

مرکز کے بعد پنجاب میں بھی نیا معاشی کھلاڑی اتارنے کا فیصلہ

مرکز کے بعد پنجاب میں بھی نیا معاشی کھلاڑی اتارنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کے لیے وزیراعلیٰ کے مشیر اکرم چوہدری مستعفی ہو گئے ہیں اور اب ان کی جگہ ڈاکٹر سلمان شاہ کو نئے ٹاسک کے لیے مشیر خزانہ بنایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کا چیلنج درپیش ہے، جس کے لیے پنجاب حکومت نے بجٹ سازی کے حوالے سے ماہر اقتصادیات ڈاکٹر سلمان شاہ کو ذمے داری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈاکٹر سلمان شاہ کو نئے ٹاسک کے لیے مشیر خزانہ بنایا جائے گا، جبکہ معا شی کھلاڑی کو جگہ دینے کے لیے اکرم چوہدری نے مشیر وزیراعلی کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔

وزیراعلی کے مشیروں کی آئینی تعداد پوری ہونے کے باعث ایک مشیر اکرم چوہدری سے مستعفی ہونے کی درخواست کی گئی جس پرانہوں نے اپنا استعفی حکام کو ارسال کر دیا ہے۔

آئین کے تحت وزیراعلی پنجاب ایک وقت میں 5 مشیر رکھ سکتے ہیں، پہلے سے ہی 5 مشیر کام کر رہے تھے جس پر ڈاکٹر سلمان شاہ کو مشیر خزانہ بنانے کے لیے وزیراعلی کے مشیر اکرم چوہدری سے قلمدان واپس لیا گیا۔

حکومت کو ریونیو ریکوری میں کمی اور بجٹ سازی میں مشکلات کا سامنا تھا اور پنجاب ریونیو اتھارٹی بھی اہداف حاصل نہیں کر پائی تھی، اب سلمان شاہ اہم ٹاسک دیا جائے گا۔

دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ اکرم چوہدری کو چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی بنانے کی پیشکش کی جائے گی وہ وزیراعلیٰ ٹاسک فورس ان پرائس کنٹرول کے چیئرمین بھی رہیں گے۔