راولا کوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کی فائرنگ سے بچہ اور ایف سی حوالدار زخمی ہوگیا، کشمیر پولیس
کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح دہشت گردوں نے سلیمان مارکیٹ کے قریب شہریوں اور فورسز پر وقفے وقفے سے فائرنگ کی ، پولیس
راولاکوٹ شہر کا ایک منظر
آزاد کشمیر کی پولیس نے کہا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح دہشت گردوں نے ضلع باغ کی پولیس چوکی پر مختلف سمت سے حملہ کرتے ہوئے شدید فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک بچہ اور ایف سی حوالدار منظور زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق اس کے بعد راولا کوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح دہشت گردوں نے سلیمان مارکیٹ کے قریب شہریوں اور فورسز پر وقفے وقفے سے فائرنگ کر دی۔
ترجمان ڈسٹرکٹ پولیس راولا کوٹ کا کہنا ہے کہ ریاست قانون کی بالا دستی، امن عامہ اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ دہشت گردوں کے خاتمے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر دہشت گردانہ حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ایسے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ راولاکوٹ میں دو روز قبل ہی دکانداروں نے کاروبار کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ کئی ماہ کی طویل بندش کے بعد کاروبار بحالی کیلئے تاجر سامنے آئے اور کچھ وقت کے لیے علامتی طور پر دکانیں کھولی گئیں۔