بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں نے 17 مئی کو مہنگائی کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا جبکہ انجمن تاجران کی جانب سے ہڑتال کی حمایت کر دی گئی ہے۔
بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر نے دیگر سیاسی جماعتوں کے اراکین اسمبلی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بارہا آواز اٹھائی کہ بلوچستان کا 80 فیصد بجٹ لیپس ہوا جو ناصرف پریشانی کا سبب بلکہ ناقابل تلافی نقصان ہے۔
انھوں نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم کوئٹہ آئے، مگر ایک روپے کے پیکج کا بھی اعلان نہیں کیا گیا۔ امن واماں کی صورتحال بھی دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی گیس کے بل اتنے بڑھ گئے کہ عام آدمی کیلیے ادا کرنا ممکن نہیں رہا۔ خدشہ ہے کہ آئندہ بجٹ میں کوئی ریلیف عوام کو نہیں ملے گا۔ اس تمام صورتحال پر 17 مئی کو شہر بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائیگی۔