چینی باشندوں کی ضمانتوں کے لیے درخواستیں پیش کی گئی تھیں جنہیں عدالت نے مسترد کر دیا۔فائل فوٹو
چینی باشندوں کی ضمانتوں کے لیے درخواستیں پیش کی گئی تھیں جنہیں عدالت نے مسترد کر دیا۔فائل فوٹو

شادی اسکینڈل۔11چینی باشندوں کی درخواست ضمانت خارج

شادی اسکینڈل میں گرفتار11 چینی باشندوں کی درخواست ضمانت خارج ہونے کے بعد عدالت نے ملزمان کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں چینی باشندوں کی جانب سے غریب گھرانوں کی نوجوان لڑکیوں کو شادی کا جھانسہ دے کرچین بھیجنے اور وہاں ان سے غیراخلاقی حرکات کروانے والے چائینزباشندوں کو ایف آئی اے نے گرفتارکرلیا تھااوران سے تحقیقات بھی جاری ہیں۔

گزشتہ روز چینی باشندوں کی ضمانتوں کے لیے درخواستیں پیش کی گئی تھیں جنہیں عدالت نے مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔عدالت نے حکم دیا ہے کہ چینی باشندے ضمانتوں کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کریں۔

دوسری جانب چینی باشندوں سے شادی کرنے والی مسلمان اور مسیحی لڑکیوں نے ایف آئی اے کی کارروائی سےتحفظ کیلیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

صائمہ تبسم اور شبانہ عاشق نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست میں اپنے وکیل کے ذریعے درخواست دائر کی، جس میں بتایا گیا کہ صائمہ تبسم نے لی یانگ چینگ سے 25 جنوری نکاح کیا جب کہ شبانہ عاشق نے زو شو فینگ سے کرسچن قوانین کے تحت 18 جنوری کو شادی کی۔

درخواست میں بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے 7 مئی کو چین جانے والے جہازسے چینی شوہروں کے ہمراہ آف لوڈ کر دیا، کئی گھنٹے ایئر پورٹ پرغیرقانونی حراست میں رکھا اورچینی شوہروں کے ساتھ جانے سے روکا، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ چینی شوہروں کو زبردستی ان کی بیویوں کے بغیرچین بھجوا دیا گیا۔

درخواست میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے حکام نے درخواست گزاروں کے پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات قبضہ میں لے رکھی ہیں. درخواست میں استدعا کی گئی کہ ایف آئی اے کو ہراساں کرنے سے روکا جائے اورایف آئی اے کو درخواست گزاروں کے پاسپورٹ سمیت دیگر دستاویزات واپس کرنے کا حکم دیا جائے۔