گالی گلوچ، نہیں مانتا کا کلچر سیاست میں کبھی نہیں دیکھا، قوم دیکھ رہی ہے کھیل تماشوں میں تین سال گزار دیے، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی
گالی گلوچ، نہیں مانتا کا کلچر سیاست میں کبھی نہیں دیکھا، قوم دیکھ رہی ہے کھیل تماشوں میں تین سال گزار دیے، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی

عمران خان نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا۔ سیاسی جماعتوں کو مل کر بیٹھنا ہو گا ورنہ قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔

مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز نے بلاول بھٹو زرداری کے افطار ڈنر میں شرکت کے لیے روانگی کے قبل لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک گالیوں سے نہیں چلے گا کام کر کے دکھانا ہو گا۔ حکومت کام کر کے دکھائے ورنہ قوم سے معافی مانگے اور گھر جائے۔

انہوں نے کہا کہ کل وزیر اعظم نے کہا دُعا مانگو ایک ہفتہ میں گیس نکل آئے لیکن ابھی ان کے الفاظ بھی پورے نہیں ہوئے تھے کہ گیس نہ ملنے کا اعلان کر دیا گیا۔ ایسا شخص قوم کے لیے مایوسی ہے، یہ کھلاڑی نہیں بلکہ کھلنڈرا ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے اور اگر قوم اور ملک کے لیے اب اکٹھے نہیں ہوں گے تو کب ہوں گے۔؟

انہوں نے مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تاریخ کا بدترین معاشی بحران پیدا ہو گیا ہے جبکہ ملک میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوا اور مہنگائی 3 پزار گنا بڑھ گئی ہے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔