ذیلی قوم پرست تنظیم ’بلاورستان‘ ٹائمز میگزین کے ذریعے علیحدگی پسند سوچ کو ہوا دے رہی تھی۔فائل فوٹو
ذیلی قوم پرست تنظیم ’بلاورستان‘ ٹائمز میگزین کے ذریعے علیحدگی پسند سوچ کو ہوا دے رہی تھی۔فائل فوٹو

گلگت بلتستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا نیٹ ورک پکڑا گیا

گلگت بلتستان میں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی معاونت سے چلنے والا بلاورستان نیشنل فرنٹ (حمید گروپ) کا مقامی نیٹ ورک پکڑا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستانی انٹیلی جنس اداروں کی کامیاب کارروائی میں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے متحرک’را‘ کا نیٹ ورک پکڑا گیا ہے،اس نیٹ ورک نے گلگت بلتستان میں انتشار پھیلانے کی طویل منصوبہ بندی کر رکھی تھی تاہم خفیہ اداروں نے اسے  بے نقاب کرکے ناکام بنا دیا اور  ’را‘ کے پاکستان دشمن نیٹ ورک کی سنسنی خیز تفصیلات بھی سامنے آ گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے زیر سرپرستی گلگت بلتستان کی ذیلی قوم پرست تنظیم ’بلاورستان نیشنل فرنٹ‘ (حمید گروپ) کی آبیاری کی گئی، اور’را‘کا ہدف یونیورسٹیوں کے طلبا اور گلگت بلتستان کی نوجوان نسل کو ٹارگٹ کرکے دہشت گردی اور علیحدگی کی تحریک کو ہوا دینا تھا۔

حمید خان کوعالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ متاثر کرنے اور گلگت بلتستان میں دہشت گردی کرنے کی سرگرمیوں پر لگایا گیا،’را‘ کے اشاروں  پر ہی حمید خان نےعالمی مالیاتی اداروں کو خطوط کے ذریعے گلگت بلتستان و دیگر جگہوں پر 6 مجوزہ ڈیموں کے لیے مالی و تکنیکی مدد فراہم کرنے سے روکنے کی کوششیں کیں، ذیلی قوم پرست تنظیم ’بلاورستان‘ ٹائمز میگزین کے ذریعے علیحدگی پسند سوچ کو ہوا دے رہی تھی۔