وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا بڑا کارنامہ، اب چاند دیکھنے کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا، پہلا روزہ اور عید کب ہوگی؟ پانچ سال پہلے ہی پتا چل جائے گا۔
فواد چوہدری کی ہدایت پر وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین نے سائنسی بنیادی قمری کیلنڈر تیار کر لیا ہے۔ قمری کیلنڈر پانچ سال کے لیے تیار کیا گیا ہے جس کا پانچ سال بعد دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ماہ رمضان میں ہی قمری کیلنڈر جاری کرنے کیلیے اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے اس سلسلے میں کونسل سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا ہے جس میں انھیں کیلنڈرکے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل سے منظوری کے بعد کیلنڈر وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کیلنڈر جاری کرنے سے پہلے علمائے کرام سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کی جانب سے مشاورت کے لیے مفتی منیب الرحمن اور مفتی پوپلزئی کو بھی دعوت دی جائے گی۔