انٹربینک میں 4 روز کی مسلسل اُڑان کے بعد امریکی ڈالر کی قدر میں کمی ہوگئی اورقدرے استحکام دیکھنے میں آیا۔
ملکی کرنسی بڑھتے ہی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی جبکہ سونے کی قیمت میں گراوٹ دیکھی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر1 روپے سستا ہو گیا جس کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت 153 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح انٹر بینک میں ڈالر3 پیسے سستا ہوگیا، انٹر بینک میں ڈالر 151 روپے 95 پیسے پر ٹریڈ ہوا۔
دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ میں ایک ہزار 195 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 34 ہزار 637 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
ملک بھر میں روپے کے تگڑا ہوتے ہی سونے کی قیمتیں بھی گر گئیں، صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 800 روپے گراوٹ دیکھی گئی ۔
امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کے تگڑا ہوتے ہی سونے کی قیمتوں میں بھی تنزلی دیکھی گئی، صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 800 روپے کمی کے بعد 71300 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، کوئٹہ، سیالکوٹ، ملتان سمیت دیگر صرافہ مارکیٹوں میں دس گرام سونے کی قیمت 686 روپے کمی کے بعد 61 ہزار 128 روپے ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روزامریکی ڈالر مہنگا ہونے کے بعد سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا تھا جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 600 روپے اضافہ کے بعد 72100روپے تک پہنچ گئی تھی۔