پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ محمدآصف نےکہاہےکہ حکومت مکمل طورپردیوالیہ ہوچکی ہے،حکومت کا مزید اقتدار میں رہنا ملک کی تباہی کا سبب بن سکتا ہے،ہم ووٹ کےلیے عزت کی جدوجہد میں مصروف ہیں،ووٹ کی عزت کے لیے ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،عید کے بعد ایوان کے اندر اور باہر مہنگائی کے خلاف جنگ لڑی جائے گی۔
مسلم لیگ(ن)راولپنڈی کے افطارڈنر میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ جتنے تضادات عمران خان کی سیاست میں دیکھنے میں آئے ہیں کوئی دوسرا قریب سے بھی نہیں گزر سکتا,عوام مہنگائی کے جہنم میں جل رہے ہیں،کوئی حکومت اس طرح بدنام نہیں ہوئی جیسے یہ حکومت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو عام آدمی مجبوری کا پتاہی نہیں،یہ حکومت 9 ماہ کی حکمرانی کے بعد ذلت کی حقدار ٹھہری ہے،عید کے بعد ایوان کے اندر اور باہر مہنگائی کے خلاف جنگ لڑی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی 9 ماہ کی قید کاٹ کر باعزت ٹھہرا،نواز شریف ان کی بیٹی داماد سب نے قید کاٹی ہے، ہم ووٹ کےلیے عزت کی جدوجہد میں مصروف ہیں اور نواز شریف کی قربانیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت روز بروز تباہی کی طرف جا رہی ہے، عید کے بعد عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے باہر نکلیں گے،اس حکومت کا مزید اقتدار میں رہنا ملک کی تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔