مسلم لیگ ن نے چیئرمین نیب کے معاملہ پر تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم چیئرمین نیب کو بلیک میل کر رہے ہیں، کمیٹی سے بھاگنا اب ثابت کرے گا کہ پوری دال ہی کالی ہے۔
مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ نیب پر شدید تحفظات ہیں، پھر بھی چاہتے ہیں چیئرمین نیب کو انصاف ملے۔ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کیلیے پیر کو قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کی جائے گی۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومتی کرپشن چھپانے کیلیے چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا جا رہا ہے، سارے معاملے کی کڑیاں وزیراعظم ہاؤس سے مل رہی ہیں۔
مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ اب یہ بھی سامنے آ جائے گا کہ نیب نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو کس کے کہنے پر 70 دن تک ریمانڈ پر رکھا۔