ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کا شاہ محمود قریشی نے استقبال کیا۔فائل فوٹو
ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کا شاہ محمود قریشی نے استقبال کیا۔فائل فوٹو

پاکستان اور ایران کا دوطرفہ معاملات پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

پاکستان اورایران نے دو طرفہ معاملات پر تعاون بدستور جاری رکھنے پراتفاق کیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ پہنچے جہاں پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

وزارت خارجہ میں پاکستان اور ایران کے درمیان وفود کی سطح پرمذاکرات کے دوران پاک ایران تعلقات، علاقائی سلامتی سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امورپربات چیت کی گئی۔

دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، دو طرفہ معاملات پر تعاون بدستورجاری رکھنے پراتفاق کیا اورامریکا اورایران کے مابین حالیہ کشیدگی پر بھی غورکیا گیا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، تمام اسٹیک ہولڈرز کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ  قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کی وزیراعظم عمران خان سمیت پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا منصب سنبھالنے کے بعد پاکستان کا یہ تیسرا دورہ ہے۔