وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف سندھ میں ایک اور صوبہ بنانے کے خلاف ہے۔
وزیراعظم عمران خان وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی نعیم الحق کے ہمراہ کراچی پہنچے۔
وزیراعظم عمران خان سے اتحادی جماعتوں کے وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی جس میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم، خرم شیر زمان، حلیم عادل اور فیصل واوڈا سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔
ملاقات میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے ارباب غلام رحیم، نندکمار، نصرت سحرعباسی اور صدرالدین شاہ راشدی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال، وفاقی حکومت کے جاری منصوبوں اور اتحادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سندھ میں ایک اور صوبہ بنانے کے خلاف ہے، پی ٹی آئی کے نئے بلدیاتی نظام کے بعد صوبے میں تقسیم کی ضرورت نہیں رہےگی۔
قبل ازیں وزیر اعظم نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور تاجر برادری کے وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں ایف پی سی سی آئی، کے سی سی آئی و دیگر کاروباری نمائندوں، گورنرسندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیربحری امور، مشیرتجارت بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چاہتا ہوں ہماری حکومت سب سے زیادہ تاجر اور سرمایہ کار دوست حکومت جانی جائے، میرا مشن پاکستان سے غربت مٹانا ہے جس میں تاجر برادری میرا ساتھ دے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکمرانوں نے معیشت کو کرپشن سے تباہ کردیا، ہمیں ایک خستہ حال معیشت ملی، میں چوروں کو نہیں چھوڑ سکتا، اس وقت حکومت کی توجہ معاشی استحکام پر مرکوز ہے، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک میں ماہرین تعینات کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری سے التماس ہے کہ ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھائیں، چاہتے ہیں نجی شعبہ معیشت کے استحکام میں کردار ادا کرے، حکومت سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں تعاون کرے گی۔