مریم نواز کو عہدہ رکھنے کی اجازت دینا نوازشریف کو اجازت دینے کے مترادف ہے۔فائل فوٹو
مریم نواز کو عہدہ رکھنے کی اجازت دینا نوازشریف کو اجازت دینے کے مترادف ہے۔فائل فوٹو

مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرری کے خلاف درخواست سماعت کیلیے منظور

الیکشن کمیشن نے مریم نواز کی بطور نائب صدر مسلم لیگ (ن) تقرری کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 3 رکنی بینچ نے مریم نواز کی بطور نائب صدر مسلم لیگ (ن) تقرری کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ احتساب عدالت نے مریم نواز کو عوامی عہدے کیلیے نااہل قرار دیا۔ پارٹی عہدہ نجی حیثیت کا حامل نہیں ہوتا، سیاسی جماعتوں کا پورے سیاسی نظام پر اثررسوخ ہوتا ہے۔

پارٹی صدر کی عدم دستیابی پرمریم نواز قائم مقام صدر کے اختیارات استعمال کریں گی۔ کیسے ممکن ہے اراکین اسمبلی آرٹیکل 62 ، 63 پر پورا اتریں اور انہیں کنٹرول کرنے والے نہیں؟،

سپریم کورٹ نوازشریف کو بھی پارٹی عہدے کے لئے نااہل قرار دے چکی ہے۔ مریم نواز کو عہدہ رکھنے کی اجازت دینا نوازشریف کو اجازت دینے کے مترادف ہے۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی درخواست سماعت کے لیے منظورکرتے ہوئے مریم نواز کو نوٹس جاری کردیے، درخواست پر مزید سماعت 17 جون کو ہو گی۔

واضح رہے کہ مریم نواز کے پارٹی عہدے کے خلاف درخواست تحریک انصاف کی بیرسٹر ملیکہ بخاری، میاں فرخ حبیب، جویریہ ظفراور کنول شوذب کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔