محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان آدھے سے پونے گھنٹے میں بھارت کے تمام شہروں کو صفحہ ہستی سے مٹاسکتا ہے،ایٹم بم بہت پہلے بن گیا تھا لیکن حکمرانوں کی وجہ سے دھماکے کرنے میں تاخیر ہوئی، ایٹمی طاقت بننے کے بعد کوئی بھی اب پاکستان کے ساتھ شرارت کرکے آرام سے نہیں نکل سکتا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محسن پاکستان ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے کہا کہ ایٹم بم بہت پہلے بن گیا تھا لیکن حکمرانوں کی وجہ سے دھماکہ کرنے میں دیر ہوئی ہم چاہتے تو 1983-84 میں ایٹمی دھماکہ کرسکتے تھے، ہم نے انتہائی مختصر عرصے میں ایٹم بم بنا کر رکھ دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جنرل ضیاءالحق کو ایک ہفتے کا نوٹس لکھ کر دے دیا تھا اور 1998 میں نواز شریف بھی ٹال مٹول کر رہے تھے، تمام سائنسدانوں نے ملک کیلیے اپنی فیملی کو بھلادیا تھا جب پاکستان نے دھماکے کیے تو خوشی ہوئی۔
محسن پاکستان نے بتایا کہ 1971 میں بھارت نے پاک فوج کے ساتھ بہت بدسلوکی کی تھی لیکن ایٹمی دھماکوں کے بعد اب وہ سب دہرانا بھارت کیلیے خواب بن چکا ہے، کوئی بھی اب پاکستان کے ساتھ شرارت کرکے آرام سے نہیں نکل سکتا، یہ ایٹم بم ہی ہے جس کی وجہ سے بھارت جنگ نہیں کر رہا، کسی کو بھی نیوکلیئر جنگ کا نہیں سوچنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح امریکہ کو روس کا ڈر ہے اسی طرح بھارت کو پاکستان کا ڈر ہے ، بھارت ہمیں تباہ کرسکتا ہے تو ہم بھی انہیں تباہ کرسکتے ہیں ، پاکستان آدھے سے پونے گھنٹے میں بھارت کے تمام شہر مٹاسکتا ہے، کسی کو اگر دیوار سے لگادیا جائے تو پھر اس کے پاس جو ہتھیار ہوتا ہے وہ استعمال ہوہی جاتا ہے ۔