بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں ٹرک اور ویگن میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور10 زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ ڈاکٹر عتیق کے مطابق مسافر ویگن اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 13 افراد میں 4 بچے اورایک خاتون شامل ہیں ۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے 5 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جب کہ 10 زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
حادثے کے بعد کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں تمام سرجن ڈاکٹرزاور پیرا میڈیکس کو طلب کیا گیا۔
ایم ڈی ٹراما سینٹر کا کہنا تھا کہ سول سنڈیمن اسپتال سے بھی ڈاکٹرزکو طلب کرلیا گیا ہے جب کہ صورتحال سے متعلق حکام بالا کو آگاہی دیدی گئی ہے۔
وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔