وزیر اعظم عمران خان آج رات قوم سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اب رات 10 بج کر 30 منٹ پر قوم سے خطاب کریں گے۔ اس سے قبل خطاب کا وقت 9 بج کر15 منٹ بتایا گیا تھا۔
وزیر اعظم قوم کو ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سے آگاہ کریں گے اور موجودہ معاشی صورتحال پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
وزیر اعظم کے خطاب سے قبل آج قومی اسمبلی میں رواں مالی سال 20-2019 کا بجٹ وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے پیش کیا۔
کابینہ اراکین نے رضاکارانہ طورپراپنی تنخواہوں میں 10 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مزدور کی کم سے کم تنخواہ 17 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی۔
غیر ترقیاتی اخراجات کا حجم 6 ہزار 192 ارب 90 کروڑ روپے رکھا گیا ہے اور پنشن کی مد میں اخراجات کا تخمینہ 421 ارب روپے رکھا گیا جبکہ سود کی ادائیگیوں کے لیے 2 ہزار 891 ارب 40 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
رواں مالی سال کے بجٹ میں مشروبات پر ڈیوٹی 11 اعشاریہ 25 سے بڑھا کر 14 فیصد کر دی گئی، خوردنی تیل اور گھی پر بھی 17 فیصد ڈیوٹی عائد کی گئی، سیمنٹ پر ڈیوٹی ڈیڑھ روپے سے بڑھا کر دو روپے فی کلو کردی گئی۔ ایل این جی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 10 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی تجویز دی گئی۔