کرکٹ کے عالمی کپ کے مقابلے 15 جولائی کو فائنل میچ کے ساتھ اختتام پذیرہوں گے، ایسے میں اراکین پارلیمنٹ کے ورلڈ کپ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے جس میں پاکستان کے ارکان اسمبلی کی ٹیم شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی کی قیادت میں شرکت کرے گی۔
دنیا بھر کے ارکان اسمبلی کا ورلڈ کپ 8 سے 15 جولائی کے دوران برطانیہ میں ہی منعقد ہوگا جس میں کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے ارکان اسمبلی پر مشتمل ٹیمیں شرکت کریں گی ۔ پاکستان کی جانب سے ارکان پارلیمنٹ کے ورلڈ کپ میں 26 رکنی aسکواڈ شرکت کرے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی زین حسین قریشی پاکستان ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ رکن قومی اسمبلی علی زاہد ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔
ٹیم کے دیگر ارکان میں وزیر مملکت شہریار آفریدی، صداقت عباسی اور گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان سمیت دیگر شامل ہوں گے۔پاکستانی پارلیمنٹری کرکٹ ٹیم میں حکومتی رہنماوں کی اکثریت شامل ہےجو ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے لندن جائیں گے۔
ورلڈ سکواڈ کیلئے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اوراسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی پارلیمنٹری کرکٹ ٹیم کے اعزازی ارکان ہیں۔