قومی ٹیم میں گروپ بندی کے باعث کھلاڑیوں کی پرفارمنس پراثر پڑ رہا ہے۔فائل فوٹو
قومی ٹیم میں گروپ بندی کے باعث کھلاڑیوں کی پرفارمنس پراثر پڑ رہا ہے۔فائل فوٹو

قومی ٹیم میں کون سا کھلاڑی گروپنگ میں ملوث ہے؟

بھارت سے ورلڈ کپ میچ میں عبرتناک شکست کھانے والی قومی ٹیم کے کچے چٹھے کھلنا شروع ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں گروپ بندی چل رہی ہے جس کے باعث کھلاڑیوں کی پرفارمنس پراثر پڑ رہا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق گرین شرٹس کے ڈریسنگ روم میں ہونے والی میٹنگ میں کپتان سرفراز احمد نے کھلاڑیوں پر بھرپور غصہ دکھایا ۔

کپتان سرفراز احمد نے وہاب ریاض، عماد وسیم اور امام الحق پر گروپنگ کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ انہیں سب پتہ ہے کہ کون کون گروپنگ کر رہا ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کپتان سرفراز احمد آصف علی اور محمد حسنین کو کھلانا چاہتے تھے لیکن بھارت کے خلاف میچ میں شعیب ملک اور عماد وسیم کو کھلایا گیا۔ شعیب ملک نے لندن کے سفر کیلئے قومی ٹیم کی بس میں سفر بھی نہیں کیا۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کے خلاف ناقص کارکردگی دکھانے والی ٹیم کو کپتان سرفراز احمد نے خوب آڑے ہاتھوں لیا ہے، انہوں نے ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں سے کہا کہ کھلاڑی بھارت کے خلاف خراب کارکردگی کو بھول کرآگے بڑھیں اورٹیم کواٹھائیں۔

سرفرازاحمدنے کھلاڑیوں کووارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کوئی سمجھتا ہے صرف میں گھرچلا جاو¿ں گا تو یہ اس کی حماقت ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا خدانخواستہ ٹیم کے ساتھ کچھ برا ہوا تو میرے ساتھ اور بھی لوگوں کو گھر جانا پڑے گا۔

ذرائع کے مطابق ڈریسنگ روم میں کپتان سرفراز احمد بولتے رہے اور لڑکے ندامت سے سر جھکائے ہوئے تھے ، کم گوسرفراز احمد سخت غصے میں بہت کچھ کہہ گئے۔

سرفراز کی باتوں پر سینئرز نے بات نہیں کی جبکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی خاموش رہے، سرفراز احمد نے کھلاڑیوں پرواضح کردیا کہ اب جو ہوگیا اسے بھول جائیں اورآگے بڑھیں ۔

خیال رہے کہ اتوار کے روز ہونے والے میچ میں بھارت نے پاکستان ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 89 رنز سے شکست دے دی تھی۔