اسحاق ڈار سیاسی پناہ کیلیےبرطانیہ کی وزارت داخلہ کے دفتر پہنچ گئے

نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارایک بارپھرسیاسی پناہ کی درخواست کے سلسلے میں برطانیہ کی وزارت داخلہ کے دفتر پہنچ گئے ہیں۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سیاسی پناہ کیلیے ایک بار پھر برطانیہ کے ہوم آفس (وزارت داخلہ ) پہنچ گئے ہیں اور گزشتہ 4 گھنٹے سے ہوم آفس میں موجود ہیں۔ وہ اپنی پہلے سے دی گئی درخواست پر دوسرے انٹرویو کیلیے ہوم آفس پہنچے ۔

نجی ٹی وی کے دعویٰ کے مطابق سابق وزیر خزانہ نے اکتوبر 2018 میں برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دی تھی تاہم ان کی جانب سے دی گئی درخواست کی خبر 19 اکتوبر 2018 کوسامنے آئی تھی۔

برطانیہ کے قانون دان اور امیگرنٹس کے معاملات کے ماہر بیرسٹر صبغت اللہ کے مطابق انہیں اسحاق ڈار کی سیاسی پناہ کی درخواست پر شاک لگا ہے۔

اسحاق ڈار کو سیاسی پناہ کیلیے خود کو اس کا حق دار ثابت کرنا ہوگا اور برطانیہ کو یہ یقین دلانا ہوگا کہ پاکستان میں ان کے خلاف مقدمات میں انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور انہیں فیئر ٹرائل کا حق نہیں دیا جارہا۔