ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کی جانب سے رابندرناتھ ٹیگور کا قول خلیل جبران کےنام سےبیان کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب،نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے، آپ اتنے نالائق ہیں کہ آپ کے پاس نقل کی بھی عقل نہیں ہے۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب، اپنی نہیں تو باوقار منصب، پاکستان اور پاکستانیوں کی عزت کاہی کچھ خیال کریں، آپ کی وجہ سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوتی ہے، دانشوروں کےاقوال نشر کرنے سے پہلے تصدیق تو کرلیا کریں۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب، رات 12 بجےخطاب اور بیان سے پہلے تھوڑا سوچ لیا کریں، یہ آپکا بولاہوا جھوٹ نہیں ہے جو آپ بغیر تصدیق کے بولنے کےعادی ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بنگالی نوبل انعام یافتہ ادیب رابندر ناتھ ٹیگور کا قول خلیل جبران کے نام سے ٹوئٹ کیا تھا، جس کے ساتھ تحریر تھا کہ ’’خلیل جبران کے ان الفاظ کی دانائی کو سمجھنے والے پُرسکون زندگی گزارنے میں کامیاب رہتے ہیں‘‘