اقوام متحدہ نے پاکستان میں امن کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کو فیملی اسٹیشن قرار دیدیا۔
اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کو فیملی اسٹیشن ڈکلیئر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل سول سروس کمیشن نے خط کے ذریعے پاکستان کو مطلع کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ادارے نے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کیں جس کے تحت 14 جون سے پاکستان کے لیے نان فیملی اسٹیشن پوزیشن ختم کر دی گئی ہے، فیصلہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سیفٹی و سیکیورٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے اثرات دوسری عالمی تنظیموں پر بھی مرتب ہوں گے جس کے باعث نہ صرف پاکستان کی عالمی ریٹنگ میں بہتری آئے گی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
واضح رہے کہ دنیا میں متعدد ممالک سیکیورٹی صورتحال میں یواین سے معاونت کے طلب گار رہتے ہیں اس کا پاکستان کی سکیورٹی صورتحال میں بہتری کیلیے مثبت اثر پڑے گا اور یہ امکان بھی ظاہر کیاجارہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری پر بھی فضا ہموار ہوگی، اس کے لئے گزشتہ 2 سال سے کوششیں کی جارہی تھیں، فیملی اسٹیشن سے مراد یہ ہے کہ اقوام متحدہ کا عملہ اب پاکستان میں اپنی فیملی کو ساتھ رکھ سکتا ہے۔