وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کے ساتھ میثاق معیشت طے کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی، ملاقات میں ہاؤس چلانے کے حوالے سےحکومتی حکمت عملی ، اپوزیشن اور حکومتی اراکین کی بجٹ تقاریر پرتبادلہ خیال کیا گیا جب کہ خصوصی پارلیمانی کمیٹیوں کی تشکیل پربھی بات چیت ہوئی۔ اسپیکر اسد قیصر نے بجٹ پاس کروانے کے حوالے سے اپنی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کے ساتھ میثاق معیشت طے کرنے کی منظوری دے دی اور فیصلہ کیا گیا کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے اعلیٰ سطح پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے گی، اور امکا ن ہے کہ میثاق معیشت کمیٹی میں سینیٹ و قومی اسمبلی کے تمام سیاسی جماعتوں سے اراکین شامل کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق میثاق معیشت کمیٹی کے قیام کی تجویز اپوزیشن جماعتوں نے دی تھی تاکہ سیاسی جماعتوں کے اہم رہنما ملکی معیشت میں بہتری کے لئے تجاویز دے سکیں۔