معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تمام کرتب دکھانے والے سیاسی اداکار آل پارٹیز کانفرنس میں پہنچے، حکومت کو گرانے کیلیے اکھٹے ہونے والوں کی چیئرمین سینیٹ پر سوچ ختم ہوگئی۔
اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت گرانے والے ایک بیانیے پر متفق نہیں ہوئے۔ اے پی سی کے ارکان اگلے 4 سال پرانی تنخواہ میں گزارہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں آپ جیتے وہاں فیئر اور جہاں آپ ہارے وہاں سلیکشن ہوئی ہے۔ الیکشن پراگر عدم اعتماد ہے تو اس میں سندھ اسمبلی بھی شامل ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاسی اداکاروں کو بجٹ میں صرف نقائص ہی نظر آئے، تاہم ہ بجٹ پاس بھی ہوگا ،اس بجٹ کے ساتھ قومی سلامتی، ملکی دفاع اور عوامی مفاد جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں کرپشن کے لفظ کے ساتھ انصاف نہیں کیا، اپوزیشن اجلاس میں کرپشن کی روک تھام کے لئے ایک لفظ نہیں لیا گیا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نہ کھیلیں گے نہ کھیلنے دیں گے کی پالیسی پر گامزن ہیں لیکن خواہشات کے تابع اس ملک کو نہیں چلایا جا سکتا۔ آپ کی گیڈر بھبکیوں سے حکومت گھر جانے والی نہیں، اقتدار کا چاند دیکھنا آپ کے نصیب میں نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا انکوائری کمیشن ہی اپ کے سکھ چین کو برباد کرنے کا سبب بنا ہے۔ اس انکوائری کمیشن میں شامل جن اداروں پر آپ کو اعتراص ہے وہ پاکستان کے ادارے ہیں۔